(ایجنسیز)
فلسطینی اتھارٹی کے ہاں تعینات ترک سفیر مصطفیٰ سارنیچ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا ملک مظلوم فلسطینی عوام کو کسی محاذ پربھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے فلسطینیوں کی ماضی میں اقتصادی، سیاسی اور تعلیمی شعبوں میں بھرپور مدد فراہم کی ہے۔ انقرہ آئندہ بھی ہرممکن امداد جاری رکھے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک سفیرنے ان خیالات کا اظہار اتوار کو فلسطینی تاجروں اور نمائندہ سیاسی وسماجی شخصیات کے ایک وفد سے گفتگو کے بعد رام اللہ میں ایک نیوز کانفرنس میں کیا۔
نیوز کانفرنس میں ترک سفیرنے فلسطین میں اپنی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے صنعتی اور دیگرترقیاتی منصوبوں کا بھی
حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں ترکی کے تعاون سے کئی کارخانے لگائے گئے ہیں، جن سے فلسطینیوں کو مقامی صنعت میں ایک نیا مقام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی فلسطینیوں کا دوسرا وطن ہے۔ ہماری حکومت کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے لیے ترکی میں آزادانہ آمدورفت کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ فلسطینی چاہیں تو ترکی میں تجارت کرسکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترک سفیر نے کہا کہ انقرہ کی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کا مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے حقوق کے حوالے سے ایک موقف ہے۔ ان کا ملک فلسطینیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانے اور فلسطین کی آزادی کے لیے ہر فورم پرکوششیں جاری رکھے گا۔